ہرارے: زمبابوے میں جھیل عبور کرتے ہوئے مسافر کشتی الٹنے کے حادثے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے (رائٹرز) اور زمبابوے حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے جھیل سے مزید 24 لاشیں نکال لی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز ہواؤں اور کشتی میں صلاحیت سے زائد افراد کی موجودگی کے باعث پیش آیا۔
حکام کے مطابق کشتی میں صرف 90 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی جبکہ سفر کے دوران اس پر تقریباً 120 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران 67 افراد کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔