اسلام آباد ( نیوز ڈیسک): پاک بحریہ کی نئی اور جدید ترین آبدوز “ہنگور” نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، لائیو ویپن فائرنگ کی مشق کے دوران پی این ایس ہنگور نے اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر موجود اپنے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فائرنگ پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور زیرِ آب جنگی صلاحتیوں کا ایک اہم اور نمایاں مظاہرہ ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کے اس اہم مظاہرے کا خود مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر نیول چیف نے آبدوز کی عملی صلاحیتوں، افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے کامیاب استعمال کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے بیان میں اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قابلِ اعتماد بحری دفاع کو یقینی بنانے کے لیے زیرِ آب جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور جدید بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پی این ایس ہنگور کی کامیابی سے کی جانے والی یہ لائیو فائرنگ پاک بحریہ کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے ایک جدید، باصلاحیت اور ہمہ وقت تیار فورس کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے