اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد جموں کشمیر کونسل کے حلف اٹھانے والے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ خطے کی ترقی اور عوام کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
آزاد کشمیر کونسل کے ارکان کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب مل کر آزاد جموں کشمیر کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے اور عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے، اس پر پورا اترتے ہوئے ان کے مسائل باہمی مشاورت اور تعاون سے حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو تمام تر ضروری وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا کہ خطے میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
حالیہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں چند روز کے دوران افسوسناک واقعات پیش آئے، جن کے حوالے سے مظاہرین کو سب نے مل کر سمجھانے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ انتخابات کے بعد کامیاب ہونے والی اسمبلی کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے گا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی یا خارجی اشاروں پر پاکستان اور کشمیر کاز کے خلاف متحریک عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ناگزیر تھا اور اب اس صورتحال کے تناظر میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
خطاب کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی دلیرانہ قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں دشمن کو ایسا تاریخی سبق سکھایا ہے جسے وہ کبھی نہیں بھولے گا۔