راولپنڈی (آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (خفیہ معلومات پر مبنی کارروائیوں) کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ اس بروقت کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں دہشت گردوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کر دیا۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
تیسرا آپریشن خضدار میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ خضدار میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے تلاشی کے دوران 490 کلوگرام وزنی دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، جس سے ایک بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔