کوئٹہ سے زاہدان کے لیے فضائی آپریشن بحال، ایران ایئر کی پرواز 80 مسافروں کو لے کر روانہ

کوئٹہ( خبردار نیوز) کوئٹہ اور ایران کے درمیان فضائی رابطوں میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں کوئٹہ سے مشہد اور زاہدان کے لیے دوطرفہ پروازیں باضابطہ طور پر دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔
اس سلسلے میں ایران ایئر کی پرواز (آئی آر اے 0827) زاہدان سے کوئٹہ ایئرپورٹ پہنچ گئی، جو واپسی پر 80 سے زائد مسافروں کو لے کر دوبارہ زاہدان کے لیے روانہ ہو گئی۔
پرواز کی آمد پر کوئٹہ ایئرپورٹ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں زاہدان چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں اور معزز ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ منیجر خالد کاکڑ اور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سے ایران کے لیے پروازوں کا باضابطہ افتتاح دسمبر 2025 میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کیا تھا، جن کی بحالی پر بلوچستان کی تاجر برادری، زائرین اور عام عوام کی جانب سے انتہائی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام سے دوطرفہ تجارت، عوامی روابط اور بالخصوص تفتان اور ایران جانے والے مسافروں کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں