بلاول بھٹو زرداری کا سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت، جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر سانحۂ کارساز میں جمہوریت کے لیے جانیں قربان کرنے والے کارکنوں کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا اہم باب ہیں، جو جمہوریت، استقامت اور عوامی حکمرانی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوامی حکمرانی، مساوات اور سماجی انصاف پر مبنی پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔