بلوچستان میں پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا اجرا جدید ابلاغی نظام کی جانب اہم قدم ہے: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

​کوئٹہ ( نیوز ڈیسک):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے “ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے” کے موقع پر اپنے ایک خاص پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا اجرا جدید ابلاغی نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ترقیاتی امور اور سرکاری اقدامات سے متعلق درست اور مستند معلومات تک عوام کی بروقت رسائی شفاف حکمرانی اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
​وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر اور مثبت استعمال کے ذریعے حکومت کے فلاحی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کی معلومات عوام تک تیزی سے پہنچائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی جدید دور کے ابلاغی تقاضوں سے ہم آہنگی کی عکاس ہے، جس کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان حائل فاصلوں کو ختم کرنا ہے۔
​میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ باخبر شہری نہ صرف ترقیاتی عمل میں مؤثر طریقے سے شریک ہو سکتے ہیں بلکہ حکومتی اقدامات کی نگرانی کا اہم کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔
مستند معلومات کی فراہمی سے ادارہ جاتی جوابدہی اور شفافیت کو فروغ ملتا ہے۔
بلوچستان کے دور دراز اور پس ماندہ علاقوں کے عوام تک صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے متعلق معلومات کی رسائی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
​اپنے پیغام کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ترقی کا اصل مقصد محض منصوبوں کی تکمیل نہیں بلکہ ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچانا ہے۔ شفاف معلومات، عوامی آگاہی اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ریاست اور عوام کے رشتے کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں