قومی مفاد کو ذاتی اور سیاسی مفادات پر ترجیح دی جائے، : فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)
رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا تعلق کسی بھی شعبے یا سیاسی مکتبِ فکر سے ہو، ملکی مفاد اور قومی سلامتی کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کامیابیوں کی نئی منازل طے کر رہا ہے اور دنیا پاکستان کی اس پیشرفت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،
تاہم کچھ ملک دشمن عناصر ملک کی ترقی سے خائف ہو کر سازشوں میں مصروف ہو جاتے ہیں۔
​کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قومی سلامتی، صوبائی صورتحال اور سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔
فرح عظیم شاہ نے جے یو آئی کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک قدر آور اور بلند پایہ سیاستدان ہیں۔
انہیں چاہیے کہ وہ موجودہ حساس حالات میں سیاسی مفادات کے بجائے قومی یکجہتی اور ملکی مفاد کو ترجیح دیں۔
​انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورتحال کے موازنے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبوں کے حالات میں واضح فرق ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے 80 فیصد مطالبات تسلیم کر لیے گئے تھے، اس کے باوجود وہاں دھرنوں اور انتشار کا راستہ اپنایا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ملکی سالمیت کے تحفظ کی خاطر جہاں بھی ناگزیر ہو، ایمرجنسی کا نفاذ کیا جانا چاہیے۔
​قومی اداروں اور حکومت کا عزم: انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی موجودہ تمام تر کامیابیاں ہمارے اداروں کی شب و روز کی محنت کا نتیجہ ہیں۔
بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کی جنگ میں پہلے دستے (فرنٹ لائن) کے طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں