کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر گزشتہ روز مستونگ کے قریب سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر گوادر سے کوئٹہ کے سفر پر تھے جب مستونگ کے قریب ان کا رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔
حکام کے مطابق دونوں اعلیٰ افسران کے موبائل فونز مسلسل بند جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے مقام کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ادارے لاپتہ افسران کے موبائل فونز اور لوکیشن ٹریس کرنے میں مصروف ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ سیکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر بازیابی کے لیے متحرک ہیں۔
بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
صوبائی حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ لاپتہ افسران کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔