کوئٹہ (خبر دار نیوز ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سائبر ہراسانی اور سوشل میڈیا پر من گھڑت مہم چلانے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے بلوچستان کے مطابق، یہ کارروائی وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر مینا مجید بلوچ کی جانب سے دائر کی جانے والی ایک باضابطہ شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
ملزم پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر صوبائی مشیر کے خلاف انتہائی ہتک آمیز، غیر اخلاقی اور جھوٹی مہم چلانے میں ملوث تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شکایت موصول ہونے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ ملزم کے خلاف پیکا (Prevention of Electronic Crimes Act – PECA) کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور سوشل میڈیا پر ہراسانی اور بلیک میلنگ کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔