اسلام آباد ( مانیڑینگ ڈیسک ) ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی وزیرِ داخلہ کی جانب سے عائد کردہ بے بنیاد الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کو بھارت میں ہونے والی گرفتاریوں سے جوڑنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت اپنی داخلی سکیورٹی کی ناکامیوں اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اندرونِ ملک اقلیتوں پر ظلم و ستم ڈھانے اور اختلافِ رائے کو دبانے والی جابرانہ ریاست بن چکا ہے، جو خود بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد اور دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی بے بنیاد الزامات دنیا کی توجہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے نہیں ہٹا سکتے۔
پاکستان بیرونی ممالک میں بھارت کی ٹارگٹ کلنگ اور تخریبی سرگرمیوں کے ناقابلِ تردید شواہد عالمی برادری کے سامنے بارہا رکھ چکا ہے،
جبکہ پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام میں بھارت کے ملوث ہونے کے بھی واضح ثبوت موجود ہیں، جن میں کلبھوشن جادھو کی گرفتاری اور سزا اس کی براہِ راست مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی پر بھارت کو جواب دہ بنائے۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت اپنے داخلی سیاسی مفادات کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کی یہ فرسودہ روش فوری طور پر ترک کرے۔