بلاک شناختی کارڈز پر کوئی سمجھوتہ نہیں، غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ منسوخ کیے جائیں: نیشنل پارٹی

بلوچستان میں بلاک شناختی کارڈز پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، نیشنل پارٹی

کوئٹہ: نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی ترجمان نے 1979ء کے بعد افغانستان سے آنے والے افغان، ہزارہ اور ازبک مہاجرین کو جاری کیے گئے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تمام شناختی کارڈز جن کی دستاویزی جانچ میں غیر ملکی شہریوں کے نام پر جاری ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے، انہیں مستقل طور پر منسوخ کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ 1979ء کے بعد بلوچستان میں بڑی تعداد میں مہاجرین کی آمد ہوئی، جن میں افغان، ہزارہ اور ازبک مہاجرین بھی شامل تھے۔ ان میں سے بعض افراد کو ماضی میں مبینہ طور پر دستی طریقہ کار کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈز جاری کیے گئے، تاہم نادرا کے کمپیوٹرائزڈ نظام کے بعد ایسے شناختی کارڈز کی نشاندہی ہوئی اور انہیں بلاک کردیا گیا۔

نیشنل پارٹی نے کہا کہ بلاک شناختی کارڈز کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے نادرا پر کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ قابل قبول نہیں۔ پارٹی نے محکمہ داخلہ، حکومت پاکستان اور نادرا سے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی شہریوں کے نام پر جاری کیے گئے تمام جعلی یا غیر قانونی شناختی کارڈز کو منسوخ کیا جائے اور اس معاملے میں کسی بھی سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ قومی شناختی کارڈز کے معاملے میں قانون اور ریاستی اداروں کی پالیسی کو مقدم رکھا جانا چاہیے تاکہ قومی شناخت اور دستاویزات کے نظام کی شفافیت برقرار رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں