اسلام آباد ( خبر دار نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ پاک بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے دشمن کی ساحلی تنصیبات کو تباہ کرکے برتری حاصل کی۔ بحرِ ہند میں آبدوز غازی کی موجودگی نے دشمن کی نقل و حرکت کو مفلوج کردیا، جبکہ پاک بحریہ کی بہادری، شجاعت اور عزم نے ملکی جنگی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھی پاک بحریہ کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث دشمن کسی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔ عالمی بحری مواصلاتی گزرگاہوں اور تجارت کے تحفظ میں پاک بحریہ کا کردار کلیدی ہے۔ کشیدگی کے باوجود پاک بحریہ نے تجارتی جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کی امن مشق اور امن ڈائیلاگ کا مقصد عالمی برادری کو امن کے لیے متحد کرنا ہے۔ جدید آبدوزوں اور میزائلوں کی شمولیت سے پاک بحریہ ایک جدید محافظ قوت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور عملی تیاری پر مکمل اعتماد ہے۔