حیدرآباد (خصوصی رپورٹ): حیدرآباد لا کالج میں قانونی تعلیم کی جدید کاری کی جانب اہم پیشرفت کے طور پر جدید ‘ڈیجیٹل ای لائبریری’ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے بورڈز اینڈ یونیورسٹیز محمد اسماعیل راہو تھے، جبکہ وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ڈاکٹر فتح محمد مری نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ ڈیجیٹل ای لائبریری کا قیام قانون کی تعلیم میں ایک اہم جدت اور طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب کلیدی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جدید سہولت کے ذریعے قانون کے طلبہ و طالبات اور محققین اب گھر بیٹھے دنیا بھر کے قانونی علوم، اعلیٰ عدالتی فیصلوں اور بین الاقوامی ریسرچ جرنلز تک آن لائن رسائی حاصل کر سکیں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس ڈیجیٹل اقدام سے قانون کی تدریس اور تحقیق کے شعبے میں انقلاب آئے گا اور طلبہ کو علمی و قانونی ریسرچ کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
تقریب میں سینئر وکلاء، بار کونسل کے اراکین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس کاوش کو بے حد سراہا۔