زیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت “دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد” کا جائزہ اجلاس،

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور فن ٹیک (Fintech) کے شعبوں میں جدید مہارتوں کی فراہمی اور آئی ٹی انٹرپرینیورز کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سفر کامیابی سے جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کو ٹیکنالوجی کا عالمی معیار کا مرکز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس پارک کو اکیڈیمیا (تعلیمی اداروں) اور انڈسٹری کے مؤثر اشتراک سے ایک جدید آئی ٹی ایکو سسٹم کا مرکز بنایا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش آئی ٹی پارک میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شراکت داری سے آپریشنز کا آغاز کیا جائے، اور اس سلسلے میں عالمی کمپنیوں سے رابطے بھی کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دانش آئی ٹی پارک اسلام آباد کے منصوبے کا جامع کیس اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اس منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے تحت ملک بھر میں 50 نجی عمارتوں کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں اپ گریڈ کیا جا ریا ہے۔
اس کے علاوہ ملک میں اسٹارٹ اپس کی بھرپور معاونت کے لیے 8 انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔
بتایا گیا کہآئی ٹی پروفیشنلز کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے 105 کو ورکنگ اسپیسز (Co-working spaces) فعال ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں