قلعہ عبداللہ دراندازی: افغانستان کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بابر یوسفزئی

کوئٹہ (خبردار نیوز) معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے قلعہ عبداللہ کے گلستان سیکٹر پر افغان دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدی حدود اور خودمختاری کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور افغان جارحیت کا جواب اپنی تمام دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ دیا جائے گا۔
​اپنے ایک اہم بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گلستان سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانا ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی ہٹ دھرمی اور مسلسل اشتعال انگیزی پورے خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے۔
دشمن عناصر سرحد پار بیٹھ کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بھول نہ کریں، پاکستان کی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
​معاون برائے داخلہ بلوچستان نے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کی پالیسی پر عمل کیا ہے لیکن ہماری اس خواہش کو کوئی کمزوری نہ سمجھے۔ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
اور پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں