کوئٹہ(خبردار نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور گوادر میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نےآج بیا ن میں کہا کہ قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کا ہلاک ہونا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔
پسنی میں آئی ای ڈی دھماکہ، میجر وجاہت وحید شہید
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم
مضبوط مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ “عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے پائیدار قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔