نوکنڈی(خبردار نیوز) ضلع چاغی، 8 نومبر 2026: ریکو ڈک مائننگ کمپنی (RDMC) نے اپنے وینڈر استعداد کار بڑھانے کے پروگرام (Vendor Capacity Building Program) کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے کمپنی نے مقامی کاروباری اداروں کی معاونت اور بلوچستان، بالخصوص ضلع چاغی کے سپلائرز کی ریکو ڈک منصوبے سے وابستہ کاروباری مواقع میں شمولیت بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تین روزہ تربیتی پروگرام میں کرتاکہ، نوکنڈی، سیندک، دالبندین اور یک مچ سے تعلق رکھنے والی 13 کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکاء کو آر ڈی ایم سی کے شعبہ خریداری کے طریقہ کار، اریبا نیٹ ورک (Ariba Network) کے ذریعے سپلائرز کی رجسٹریشن، درخواست برائے نرخ (RFQ) کے طریقہ کار، بولی کی تیاری، تکنیکی تفصیلات، رسد و ترسیل، ٹیکسز، بلنگ اور ادائیگی کے تقاضوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔
آر ڈی ایم سی کی پروکیورمنٹ ٹیم کی زیرِ نگرانی منعقد ہونے والے اس پروگرام کے شرکاء کو عملی سرگرمیوں، اریبا ایپ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن، کاروباری ترقی کی منصوبہ بندی اور کاروباری سرگرمیوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔
شرکاء کو پروکیورمنٹ کے ماہرین کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جس سے انہیں سپلائرز کے لیے آر ڈی ایم سی کے مقرر کردہ معیارات اور توقعات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔
تربیتی پروگرام میں شریک ایک وینڈر نے کہا، ’’اس تربیت کے ذریعے مقامی کاروباری افراد کو مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں اور خریداری کے طریقہ کار اور اس سے متعلق تقاضوں کو سمجھنے میں مدد ملی ہے۔
اس طرح کے اقدامات ہماری صلاحیتوں کو بہتر بنانے، مسابقتی حیثیت مضبوط کرنے اور مستقبل کے کاروباری مواقع کے لیے بہتر تیاری میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ہم مقامی کاروباری اداروں کی معاونت اور چاغی کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے آر ڈی ایم سی کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہیں۔‘‘
آر ڈی ایم سی مقامی سپلائرز کا ایک باصلاحیت اور مسابقتی نیٹ ورک تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ کاروباری اداروں کو خریداری کے تقاضوں سے بہتر طور پر آگاہ کرنے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے کمپنی ریکو ڈک منصوبے میں مقامی کاروباری اداروں کی شمولیت کے مزید مواقع پیدا کر رہی ہے،
جبکہ خطے کی طویل مدتی معاشی ترقی اور خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ تین روزہ تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے پر تمام شرکاء میں تعارفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
ریکو ڈک بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع تانبے اور سونے کی ایک عالمی معیار کی کان ہے، جس کی تیاری اور تعمیر جاری ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے منصوبوں میں شمار ہونے والے ریکو ڈک منصوبے میں بیرک (Barrick) کی 50 فیصد، تین وفاقی سرکاری اداروں کی مجموعی طور پر 25 فیصد، صوبہ بلوچستان کی 15 فیصد (مکمل مالی معاونت کے ساتھ) اور صوبہ بلوچستان کی مزید 10 فیصد (بلا معاوضہ شراکت داری کی بنیاد پر) ملکیت ہے۔
ریکو ڈک منصوبے سے توقع ہے کہ یہ کم از کم 37 سال تک ٹرک اور شاول کے ذریعے کھلے گڑھے میں کان کنی (Open Pit Mining) کے طور پر کام کرے گا، جہاں پراسیسنگ کی سہولیات کے ذریعے اعلیٰ معیار کا تانبا اور سونے کا کنسنٹریٹ تیار کیا جائے گا۔
منصوبے کی تعمیر دو مراحل میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جن کی مجموعی پراسیسنگ صلاحیت سالانہ 90 ملین ٹن ہوگی۔
ریکو ڈک منصوبہ پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا اور بلوچستان کی ترقی پر دور رس اور مثبت اثرات مرتب کرنے کی توقع ہے۔
معاشی فوائد کے علاوہ یہ منصوبہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، علاقائی معیشت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا اور سماجی ترقی کے مختلف پروگراموں میں سرمایہ کاری کرے گا۔