بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی اور معاون برائے داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ (خبر دار ڈیسک ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور 12 دہشت گردوں کے خاتمے پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صوبائی قیادت نے کہا کہ چار اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف یہ بروقت اور مؤثر کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی کا واضح ثبوت ہیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور ریاست امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دوسری جانب معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں، اور پاکستان دشمن عناصر بیرونی سرپرستی کے باوجود اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ہونے والی کارروائیاں صوبے میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ہیں، بدامنی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں