وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بڑا اعلان ،پی سی ایس میں نوجوانوں کو اب امتحان دینے کے 6 مواقع فراہم ہوں گے،

کوئٹہ ( خبر دار نیوز � ) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ہونے والے پی سی ایس کے امتحان کے لیے اب 6 مواقع فراہم کیے جائیں گے
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سروس کمیشن کی اصلاحات سے متعلق اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں امتحانی نظام کی جدید خطوط پر تشکیل کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پی سی ایس امتحانات میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 6 کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے لیے مقامی سطح پر امتحانی مراکز قائم کرنے کی منظوری دی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقابلے کے امتحانات میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ روایتی ہاتھ سے لکھے جانے والے پرچوں کی جگہ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیاگیا
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی سی ایس امتحانات کو ٹوفل (TOEFL) اور جی آر ای (GRE) کے جدید امتحانی معیار کے مطابق منعقد کیا جائے،اور بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں،
انہوں نے مذید کہا کہ اگر بلوچستان کا نوجوان محنت کرکے خود کو امتحان کے لیے تیار کرتا ہے تو ہم اسے قواعد کے ذریعے کیوں روکیں؟پی سی ایس میں نوجوانوں کو اب امتحان دینے کے لئے اب 6 مواقع دیے جائیں گے
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذید کہا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، صوبائی انتظامیہ میں زیادہ اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افسران لانا چاہتے ہیں،
میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں،تاکہ میرا محنتی نوجوان اب امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرے گا، اس کے علاوہ امتحانی نظام کو جدید، شفاف، تیز رفتار اور پیپر لیس بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی جائیں گی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضع کیا کہ صوبے میں میرٹ کی بالادستی، شفاف سلیکشن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط بنائیں گے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں