پشاور ( خبردار ڈیسک ) پاک افغان بارڈر تورخم پر پاکستانی سیکورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیا ن آج ایک اور جھڑپ ہوئی ہے
پاکستان ملیشا فورس خیبر رائفلز کے ایک افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آج دوپہر کو ایک مرتبہ پھر طورخم سرحد پر جھڑپ ہوئی ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ افغان طرف کے طالبان فورسز نے جنگل نامی چیک پوسٹ پر تعمیراتی کام شروع کر دیا تھا
اور جب پاکستان نے اس کام کو روکنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ ہی جھڑپ شروع ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر رائفلز کے زیر کنٹرول علاقے کے 107 ونگ کے سپاہیوں نے جوابی کارروائی کی اور افغان طرف کے جنگل چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
طورخم میں عینی شاہدین نے بتایا کہ اس جھڑپ میں دونوں طرف سے ہلکی اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔
آج کی جھڑپ میں دونوں طرف کے سرحدی فورسز کو جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے،
تاہم پاکستان کی طرف طورخم میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
لنڈی کوتل میں ایک ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ انہوں نے اس زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور پھر پشاور منتقل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اب بھی وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے اور بھاری اسلحہ کے استعمال کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔