پشاور (نیوز ڈیسک) نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے ایک 92 رکنی وفد نے پشاور کا خصوصی دورہ کیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات شامل
تھے۔ دورے کا مقصد خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ خدمات کا جائزہ لینا تھا۔
وفد کو خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے کور کمانڈر پشاور
سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران قومی و علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے پشاور کے تاریخی مقامات کا رخ کیا، گورنر ہاؤس پشاور اور قلعہ بالا حصار میوزیم کا دورہ کیا ۔اور یادگارِ شہداء پر حاضری، جہاں پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور وطنِ عزیز کے
لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وفد کے شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج اور فرنٹیئر کور (FC) کی خدمات کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ”ہمیں یہاں آکر اندازہ ہوا کہ پاک فوج کس طرح سکیورٹی
خطرات کا مقابلہ کر رہی ہے۔ جو کچھ ہم سوشل میڈیا پر دیکھتے تھے، یہاں کی حقیقت اس کے بالکل برعکس اور مثبت ہے۔”
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا میں صرف دفاع تک محدود نہیں، بلکہ تعلیم، صحت اور کھیلوں کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وفد نے پاک فوج کی جانب سے دشمن کا ہر میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور سرزمین کے چپے چپے کا دفاع کرنے کے عزم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے اس دورے کو انتہائی معلوماتی قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر فخر کا اظہار کیا۔