کوہاٹ (نیوز ڈیسک): کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد پر دہشتگردوں کی جانب سے دھماکہ اور بزدلانہ حملہ کیا گیا ہے،
جس کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جوابی کارروائی شروع کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی فوری طور پر کوہاٹ پہنچ گئے،
جہاں آئی جی پی کی براہ راست نگرانی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پیش رفت کرتے ہوئے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بعد اب متاثرہ علاقے اور مسجد کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ماہرین نے آئی جی پی ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کو حملے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا رہے ہیں
اور خطے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔