وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی پہلی کامیاب پرواز کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کی فضائی سروسز کے آغاز سے گوادر کا ملک کے اہم شہروں کے ساتھ فضائی رابطہ مزید مضبوط ہوگا، جبکہ تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں تک سفر کی سہولیات میں بھی بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی فضائی سروسز سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر تیزی سے پاکستان کی معاشی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی روابط کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بہتر فضائی رابطے مقامی معیشت کو مستحکم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ان کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیاب آزمائشی پرواز بلوچستان میں ترقی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک مثبت علامت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں