قومی شاہراہیں غیر محفوظ، مال بردار گاڑیوں پر حملے حکومتی ناکامی کا ثبوت ہیں؛اصغر خان اچکزئی

چمن (نامہ نگار ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) بلوچستان کے صوبائی صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور قومی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہیں مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہیں اور مال بردار گاڑیوں پر تواتر کے ساتھ ہونے والے حملے اور انہیں نظر آتش کیے جانے کے واقعات حکومتی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
اصغر خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ان پے در پے واقعات کے باعث صوبے میں تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور پہلے سے بحران کا شکار صوبائی معیشت مزید دباؤ میں آ گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ “اگر امن و امان کی اس بگڑتی ہوئی صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی، تو اس کے انتہائی سنگین معاشی نتائج برآمد ہوں گے جس کا خمیازہ پورے صوبے کو بھگتنا پڑے گا۔”
واضع رہے کہ بلوچستان کے تاجربرادری اور ٹرانسپورٹروں نے صوبے میں امن وآمان کی خراب صورتحال کے باعث 11 جون کوکوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن اور پہہ جام ہڑتال کیا تھا جو حکومت سے مذاکرات کے بعد 10 روز کے لیے موخرکردیا گیا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں