کولمبیا میں 7.4 شدت کا شدید زلزلہ، ہلاکتیں 132 ہوگئیں، 570 سے زائد زخمی

بوگوٹا ( مانیٹرنگ ڈیسک ) کولمبیا کے مغربی علاقوں میں 7.4 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف شہروں میں عمارتیں منہدم ہونے اور دیگر نقصانات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 132 ہوگئی جبکہ 570 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ملک کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق پیریرا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں شامل ہے، جہاں اب تک 60 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے منہدم عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ امدادی کارکن بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا رہے ہیں جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق کم از کم 86 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہوئیں، جبکہ دیگر عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے، جبکہ شہریوں نے مزید جھٹکوں کے خدشے کے پیش نظر گھروں سے باہر نکل کر کھلے مقامات پر پناہ لی۔
حکام اور امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری رہنے کے ساتھ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں تبدیلی ممکن ہے، کیونکہ کئی متاثرہ علاقوں تک امدادی ٹیموں کی رسائی اور ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا عمل ابھی جاری ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں