راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان پاک فوج (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کا مشترکہ ایجنڈہ صرف اور صرف دہشت گردی پھیلانا ہے،
جبکہ معرکہ حق میں دشمن کی تمام تر حکمت عملی ناکام ہونے کے بعد اب اس نے بلوچستان کا رخ کر لیا ہے۔ تاہم ریاست بلوچستان کے غریب اور عام عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور وہی اس خطے کے اصل اسٹیک ہولڈرز ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں مخصوص مفاد پرست عناصر ملوث ہیں جن کا مقصد صوبے میں بے امنی پھیلانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اب کسی گروہ یا مخصوص عناصر کے بجاے براہِ راست بلوچستان کے عوام سے بات کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کے بعض سردار یہ نہیں چاہتے کہ غریب کا بچہ تعلیم اور ترقی کے میدان میں آگے بڑھے، لیکن ہمیں آج بلوچستان کے بنیادی اور اصل مسائل کی جڑ تک پہنچنا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے لاپتا افراد کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کیا جانے والا منفی پروپیگنڈا مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
تحقیق اور حقائق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لاپتا افراد کے نام پر جن لوگوں کا واویلا مچایا جا رہا تھا، ان میں سے متعدد افراد خضدار، مستونگ اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی سنگین کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ہر شہری پر یہ فرض عائد نہیں ہوتا کہ اس کی پہلی اور آخری شناخت صرف ‘پاکستانی’ ہو؟ انہوں نے کہا کہ “ریاست ہے تو سیاست ہے اور ریاست ہے تو جان ہے۔” ریاست کی بقا اور سلامتی سب سے مقدم ہے اور دشمن کو بلوچستان میں اپنے شوم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔