لاہور ( خبر دار ڈیسک ) : پنجاب میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری و نجی اسکولز 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل تمام ضروری پری اوپننگ انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے پنجاب بھر کے اسکولوں میں صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے اور تعلیمی اداروں کو طلبہ کی واپسی سے قبل مکمل طور پر تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت کے مطابق تمام اسکولوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اسکولوں کی چھتوں، ڈرینج چینلز، پانی کی ٹینکیوں اور دیگر ایسے مقامات کی خصوصی صفائی کی جائے جہاں پانی جمع ہونے یا مچھروں کی افزائش کا امکان ہو۔
اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات فوری طور پر ختم کیے جائیں، تاکہ طلبہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اسی طرح زیرِ تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو طلبہ اور اسکول اسٹاف کی رسائی سے محفوظ بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسکول انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ تعمیراتی سامان، کھلے گڑھے، تاریں یا دیگر خطرناک اشیا طلبہ کی پہنچ سے دور ہوں۔
تعلیمی اداروں میں کلاس رومز کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام کمروں میں فرنیچر، پنکھوں، لائٹس اور بجلی کے نظام کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے اور طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔
اسکولوں میں صاف پینے کے پانی اور واش رومز کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ طلبہ کی آمد سے قبل پانی کی فراہمی، واش رومز کی صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ مکمل کرلیا جائے۔
پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اسکول کھلنے سے قبل سیکیورٹی سے متعلق تمام ضروری اقدامات کا جائزہ لینے پر زور دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پری اوپننگ انتظامات میں غفلت، تاخیر یا ہدایات پر عدم تعمیل کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 24 اگست کو تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل کرکے طلبہ کے لیے صاف، محفوظ اور صحت بخش تعلیمی ماحول یقینی بنایا جائے