شیخ حسینہ کی حمایت شکیب الحسن کو مہنگی پڑ گئی، بنگلہ دیش واپسی کے دروازے بند
ڈھاکا: سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حمایت کے بعد بنگلہ دیشی حکومت نے سابق کپتان شکیب الحسن کی وطن واپسی اور دوبارہ قومی کرکٹ کھیلنے کے امکانات مسترد کردیے ہیں۔
بنگلہ دیش کے وزیر کھیل و نوجوانان امین الحق کے مطابق حکومت شکیب الحسن کے معاملے کو پہلے لچک اور برداشت کے ساتھ دیکھ رہی تھی، تاہم حالیہ میڈیا ایونٹ میں شیخ حسینہ کے ساتھ شرکت کے بعد ان کی واپسی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔
شکیب الحسن نے بدھ کو نئی دہلی میں شیخ حسینہ کی جانب سے منعقدہ میڈیا ایونٹ میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی تھی، جہاں سابق وزیراعظم نے تقریباً دو سال بعد صحافیوں سے گفتگو کی۔
دوسری جانب شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت انہیں سیکیورٹی کی ضمانت دے تو وہ بنگلہ دیش واپس آنے، عدالت میں مقدمات کا سامنا کرنے اور اپنی شرائط پر الوداعی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
39 سالہ شکیب اس وقت سری لنکا میں فرنچائز کرکٹ کھیل رہے ہیں اور گزشتہ دو برس سے امریکا میں مقیم ہیں۔ سابق حکومت کے خاتمے کے بعد ان کے خلاف مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن سے متعلق قتل کے مقدمات میں تحقیقات بھی شروع کی گئی تھیں۔
شکیب الحسن بنگلہ دیش کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 400 سے زائد بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں اور پانچ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرچکے ہیں۔