مستونگ (خبردار رپورٹ)بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ایک دلخراش واقعے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں باغ میں کام کرنے والے 6مزدور جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ کھڈکوچہ کے علاقے ‘گیت’ میں پیش آیا جہاں مزدور معمول کے مطابق باغ میں کام میں مصروف تھے کہ اچانک ڈرون حملہ ہو گیا۔ حملے کی زد میں آنے والے تمام افراد مقامی مزدور بتائے جاتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمی افراد کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں علی رضا مینگل (ساکن کھڈکوچہ)، نصیب اللہ ابڑو (ساکن حاجی شہر، کچھی) اور خالد حسین (ساکن حاجی شہر، کچھی) شامل ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔