کوئٹہ (خبردار رپورٹ) ضلع پشین کے علاقے سرانان سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور سڑک کی تعمیراتی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
مسلح افراد نے مزدوروں کے ساتھ ساتھ وہاں موجود بھاری مشینری کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریب کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کی گھیرا بندی کر کے حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔