معاشرے میں ایسے بیشمار صاحبِ استطاعت افراد موجود ہیں جو یتیموں اور مستحق خاندانوں کی مدد کیلئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ (خبردار نیوز)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ویلیج گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں ایک باوقار مستقبل فراہم کرنے کیلئے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
آج “لی پوش” کوئٹہ کی جانب سے یتیم اور مستحق بچیوں کو معاشی خودانحصاری کیلئے ایک سالہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرام کا انعقاد ایک لائق تحسین اقدام ہے۔
ہم سابق سینیٹر اور چئرپرسن ایس او ایس ویلیج روشن خورشید بروچہ کو ہزاروں یتیم و مستحق بچوں اور بچیوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس ضمن میں صاحبِ استطاعت افراد آگے بڑھیں، یتیموں اور ناداروں اور مستحق افراد کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں تاکہ معاشرے کا کوئی بچہ یا بچی محرومی اور بیبسی کا شکار نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس او ایس چلڈرن ویلیج میں منعقدہ ایوارڈز تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ظہور احمد بلیدی، ربابہ بلیدی، روشن خورشید بروچہ، وائس چانسلر سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، پروفیسر فرخندہ اورنگزیب اور لی پوش کے سربراہ شان گچکی سمیت کئی اہم شخصیات شریک تھیں۔
شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ انسان کی عظمت اس بات میں ہے کہ وہ دوسروں کیلئے کتنی آسانی، امید اور سہارا پیدا کریں۔
مجھے یہ جان کر بھی بیحد خوشی ہوئی ہے کہ لی پوش کوئٹہ کی جانب سے یتیم اور مستحق بچیوں کی معاشی خودمختاری کیلئے ایک سالہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔
یہ محض ایک تربیتی پروگرام کی تکمیل نہیں بلکہ خودانحصاری کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایسے بیشمار صاحبِ استطاعت افراد موجود ہیں جو یتیموں اور مستحق خاندانوں کی مدد کیلئے خاموشی سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بطور گورنر بلوچستان، میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ایس اویس کے بچوں اور بچیوں کی تعلیم، تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے حکومت اور میری گورنر ہاؤس کی ٹیم کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رہیگا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ہمیں جدید مہارتیں سکھانے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اب ہمارے نوجوانوں کو وسیع مواقع اور سہولیات میسر ہیں۔
ربابہ بلیدی نے کہا کہ ہماری عورتیں صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں ضروری ہے کہ انہیں مواقع فراہم کیا جائیں ۔
روشن خورشید بروچہ نے یہاں کوئی یتیم نہیں ہے میں خود ہی ان بچوں اور بچیوں کی ماں ہوں۔
آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل ٹریننگ حاصل کرنے والی بچیوں میں اسناد تقسیم کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں