سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ

گورنر کے پی کی سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ کم کرنے اور صنعتوں کو فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے اور صنعتی کارخانوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر فیصل اقبال، ڈپٹی ایم ڈی ثاقب ارباب اور ڈپٹی چیف ایڈمن ضیاء الاسلام نے فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گورنر کو صوبے میں جاری گیس اور انرجی سکیورٹی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جبکہ قائم مقام ایم ڈی نے خیبر پختونخوا میں ادارے کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صنعتی شعبے کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو گیس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

گورنر کے مطابق ملک بھر میں سوئی ناردرن کے نظام میں گیس کی مجموعی پیداوار 800 ملین مکعب فٹ یومیہ ہے، جس میں سے 500 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس خیبر پختونخوا پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صوبے کے قدرتی گیس اور دیگر وسائل سے حاصل ہونے والے ثمرات ملنے چاہییں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں