خیبر پشتونخوا کے چار کروڑ عوام کا پہلےمذاق اڑایا گیا پھر کا مینڈیٹ چوری کیا گیا – محمود خان اچکزئی

پشاور ( ویب ڈیسک ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر عدالتوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی تو پھر فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے، جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان کشمکش اور جنگ جاری ہے۔
ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر اب بھی سیاسی رہنماؤں نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کیا تو یہ ملک ہمارے ہاتھوں سے نکل جائے گا۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ہماری ذاتی دشمنی کسی کے ساتھ نہیں ہے، جنگ صرف اصولوں اور آئین کی بالادستی کی ہے۔
خیبرپختونخوا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ صوبے کے چار کروڑ عوام کا مذاق اڑایا گیا ہے، ان کا مینڈیٹ چوری کیا جاتا ہے اور پھر جمہوری حقِ احتجاج بھی سلب کیا جاتا ہے۔
انہوں نے تنقید کی کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ کسی سیاسی جماعت سے اس کا انتخابی نشان چھین لیا جائے یا مخصوص نشستوں کو “مالِ غنیمت” کی طرح آپس میں تقسیم کر دیا جائے۔
فرانس اور پاکستان کے حالات کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج فرانس میں مہنگائی اور دیگر مسائل پر شدید ہنگامے جاری ہیں اور لوگ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، لیکن وہاں کی پولیس نے نہ تو کسی پر سیدھی گولیاں چلائیں اور نہ ہی مظاہرین کے خلاف کوئی سخت اور غیر قانونی کارروائی کی۔
اس کے برعکس، پاکستان میں 9 مئی کے واقعات کی آڑ میں اب تک لاتعداد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور شہریوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں