کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا واشک آپریشن پر اظہارِ اطمینان؛ 5 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ ( خبردار نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی پر گہرے اظہارِ اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس کامیاب آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی اداروں کی ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ “فتنۃ الہندوستان” کے خلاف مؤثر کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملانے کے قومی عزم کی عکاس ہیں۔
پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں اور خدمات انتہائی قابلِ قدر ہیں، اور “عزمِ استحکام” کے تحت اٹھائے جانے والے یہ اقدامات پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔
ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں