گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام: سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی 7 دہشت گرد ہلاک، وزیر اعلیٰ بگٹی

کوئٹہ (خبر دار نیوز): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی جرات، مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے اور قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے، ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے اور عوام کا راستہ روکنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوں گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام کو خوفزدہ کرنے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، صوبے کے امن و امان کی بہتری اور اس کی تعمیر و ترقی کے سفر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر ملک دشمن عناصر کے تمام عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں