وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا بڑا اقدام؛ بینائی سے محروم شہری کو علاج کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کا اعلان

کوئٹہ ( خبردار نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بینائی سے محروم شہری محمد زاہد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے نہ صرف محمد زاہد کی بینائی کی بحالی کے لیے علاج کا مکمل خرچ اٹھانے کا اعلان کیا
بلکہ ان کے غریب اور بے روزگار دوست جان محمد کو روزگار کے حصول کے لیے رکشہ بھی تحفے میں دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ انسانیت کی خدمت ہی ہمارا اصل نصب العین اور سب سے بڑا اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل میں گھرے اپنے شہریوں کا سہارا بنے اور کسی بھی مستحق کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ محمد زاہد کی آنکھوں کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو ان کا علاج لندن، امریکہ، دبئی یا دنیا کے کسی بھی بہترین طبی مرکز میں کروایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں اور عزتِ نفس میں کمی کا باعث نہیں بنتی، لہذا ایسے افراد کو باعزت زندگی اور خودمختار روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
ہماری یہ مسلسل کوشش ہے کہ بلوچستان کا کوئی بھی مستحق شہری علاج، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔
دوسری جانب، بینائی سے محروم شہری محمد زاہد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز بگٹی عوام کے دکھ درد کو سمجھنے والے ایک متحرک وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے اس سے قبل بھی ان کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت اور روزگار کا بندوبست کیا تھا۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہمیشہ ان کی مشکلات کو سمجھا اور انہیں کبھی خالی ہاتھ واپس نہیں بھیجا۔ ملاقات کے اختتام پر محمد زاہد اور ان کے دوست جان محمد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں