بلوچستان کے کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 17 دہشت گرد ہلاک، سپاہی حکمت اللہ شہید

راولپنڈی (آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا،
جبکہ خاران میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کا ایک جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا۔
​یکم نومبر کو ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے ناکہ بندی کی کوشش کو بروقت ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
​ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی پر کارروائی کرتے ہوئے ان کا ٹھکانہ تباہ کر دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
​خاران میں آپریشن کے دوران پاک فوج کا 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔ شہید سپاہی حکمت اللہ کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا اور انہیں بھارتی سرپرستی حاصل تھی۔
دونوں آپریشنز کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
​کلیئرنس آپریشن جاری:
علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے ‘فتنہ الخوارج’ اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن عزمِ استحکام کے تحت اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں