بلوچستان کا روشن اور پرامن مستقبل: ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس میں اہم فیصلے

کوئٹہ ( خبر دار نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت “ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس” کا 29واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے امن وامان، ترقیاتی منصوبوں اور ریاستی رٹ کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں کے حکام کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا، بالخصوص پوست کی کاشت کے مکمل خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شرکاء نے صوبے میں بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اس اقدام کو تمام ڈویژنوں میں مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر فنڈز اور ضروری وسائل فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کے آخر میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، قانون کی بالادستی اور ریاست کی مکمل عملداری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے مل کر مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں