وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستانی برآمدات کے فروغ، عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹی ڈے آپ (TDAP) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں میں تیار کردہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے، اور جدید خطوط پر استوار TDAP اس کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ زرعی مصنوعات کی برآمد کے لیے پورا ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے جس میں پوری ویلیو چین کو شامل کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے شفافیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ میرٹ کی بنیاد پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو TDAP کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ادارے میں اصلاحات تب ہی ممکن ہیں جب ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے ادارے کے پرفارمنس اور فنانشل آڈٹ کے لیے کسی اچھی شہرت یافتہ نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد انتہائی وسیع اور جغرافیہ موزوں ترین ہے، اور برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں بالخصوص چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان تمام خصوصیات سے زیادہ سے زیادہ مالی اور معاشی استفادہ حاصل کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں