راولپنڈی (آئی ایس پی آر )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 8 نومبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی علاقے موزک گاؤں میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔ یہ آپریشن بھارتی پراکسی “فتنۃ الخوارج” کے دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے مساجد میں قائم دو ٹھکانوں کو کامیابی سے کلیئر کر لیا گیا۔ دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کیا تھا،
اور ان کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ آئی ای ڈیز (IIDs)، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کھلا انحراف ہے۔
افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم ان خوارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور دہشت گردوں کی جانب سے مذہب کی من پسند تشریح اور اس کا غلط استعمال ہرگز قابل قبول نہیں۔ خیبر پختونخوا اور پورے پاکستان کے عوام دہشت گردوں کی اس اسلام مخالف سوچ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں قائم دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔ “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی
اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔