حجکوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 18 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کوہاٹ کے علاقے درابو کچ میں پیش آیا، جہاں خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن کیا تھا۔
حکام کے مطابق آپریشن مکمل کرنے کے بعد پولیس پارٹی واپس جا رہی تھی کہ راستے میں مسلح دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختار احمد بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ غیر قانونی گولڈ مائننگ سے وابستہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کے مبینہ گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔