کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک): بلوچستان میں آپریشن “ردالفتنہ 3” کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلعہ سیف اللہ میں کیے گئے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کا خطرناک دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش مارا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں:
وابستگی اور ذمہ داریاں: خارجی عادل شاہ دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا اور سال 2024 سے اس دہشت گرد گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔
وہ غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں مستقل رہائش فراہم کرنے میں معاونت کر رہا تھا۔
جرائم: ہلاک ہونے والا خارجی 2022 اور 2023 سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں سرگرمِ عمل رہا تھا۔
دہشت گرد کمانڈر کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 ایف آئی آرز درج تھیں، جبکہ حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔