بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن: 31 خوارج ہلاک، عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری رفتار سے جاری

راولپنڈی ( آئی ایس پی آر ) /کوئٹہ: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کرم کے علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنۃ الخوارج” اور “فتنۃ الہندوستان” کے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو انتہائی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
مختلف جھڑپوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 31 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
معاون اطلاعات شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی تمام سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ویژن “عزمِ استحکام” دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی ہے، اور دہشت گردی کی بیخ کنی تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ 3 نومبر سے جاری آپریشنز سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا روشن مظہر ہیں۔
پاکستان کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں