کوئٹہ ( خبر دار نیوز ) کوئٹہ کے مارخور آڈیٹوریم میں خواتین کی قیادت، ترقی اور بااختیاری کے موضوع پر منعقدہ “نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے 300 سے زائد خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران مقررین اور شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی خواتین میں قیادت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، اور اگر انہیں مناسب مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاندار قائدانہ کردار ادا کر سکتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقرر عدیل اظہر نے کہا کہ “عورت کی مالی خودمختاری ہی حقیقی آزادی کی بنیاد ہے، اور ایک معاشی طور پر خودمختار خاتون ہی ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خواتین کی خوداعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ملک کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
پینل ڈسکشنز اور تقریب کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار، کاروبار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس کا بنیادی پیغام یہی تھا کہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، کیونکہ خواتین کی قیادت محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔