کوئٹہ ( پریس ریلیز ) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تاخیر سے ادائیگی ، بلوچستان میں ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش اور ملک میں آزادی اظہا ر رائے پر عائد پابندیوں سمیت صحافیوں کے خلاف مقدمات قائم کرنے کے خلاف پی ایف یوجے اور بی یو جے کی احتجاجی تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے فلور پر صحافیوں کی آواز بن کر ان کے مسائل اجا گر کئے جائیں گے
اوراس ضمن میں بلوچستان اسمبلی سے ایک قرارداد بھی پاس کروائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، بی این پی عوامی کے سربراہ و رکن بلوچستان اسمبلی میر اسداللہ بلوچ ،جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ و دیگر نے بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔
گول میز کانفرنس سے صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس منظور احمد رند ، صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید ، سابق صدر پی ایف یو جے و ممبر ایف ای سی شہزادہ ذوالفقار ، پی ایف یو جے کے سابق سینئر نائب صدر و ممبر ایف ای سی سلیم شاہد اور جنرل سیکرٹری بی یو جے شاہ حسین ترین نے بھی خطاب کیا ۔
گول میز کانفرنس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ملک امین اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نےبھی شرکت کی ۔
بلوچستان اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے پی ایف یوجے اور بی یو جے کے چارٹر آف ڈیمانڈز کی حمایت کرتے ہوئےکہاکہ آج ملک میں میڈیا پر پابندیاں عائد ہیں اظہار رائے کی آزادی سلب کر دی گئی ہے ،
پیکا ایکٹ کے تحت مخالفین کو دبانے کے اقدمات کئے جارہے ہیں اور صحافیوں کی آواز بند کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طاقت ور قوتوں نے پہلے پارلیمنٹ کی بالا دستی ختم کی پھر 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ اور پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا پر وار کیا انہوں نے کہا کہ صحافت اور جمہوریت ایک دورسے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام ، آئین و قانون کی حکمرانی اور مظلوم طبقات کے حقوق کیلئے صحافیوں نے قربانیاں دی ، جیل گئے
اور کوڑے بھی کھائے جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ قومی میڈیا پر بلوچستان کو وہ کوریج نہیں دی جارہی جو ملک کے بڑے صوبوں کو دی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں یہاں کےصحافیوں کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ دھرنے میں بھی بیٹھیں گی جیل بھی جائیں گی بلوچستان میں میڈیا شٹ ڈاؤن اور یہاں کے صحافیوں کا استحصال کسی بھی صورت قابل قبول نہیں بلوچستان یونین آف جرنسلٹس کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بی یوجے کی جانب سے فراہم کی گئی قرارداد کیلئے بلوچستان اسمبلی میں دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل کر کے رواں سیشن کے دوران منظور کروائیں گے اور بی یو جے کے احتجاجی کیمپ و دھرنے میں شرکت بھی کریں گے۔
اس سے قبل صدر بی یو جے منظور امد رند ، صدر پریس کلب ، عرفان سعید ، شہزادہ ذوالفقار ، سلیم شاہد اور جنرل سیکرٹری بی یوجےشاہ حسین ترین نے پارلیمانی رہنماؤں اور گول میز کانفرنس کے شرکاء کو بلوچستان میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں ، بیورو دفاتر کی بندش ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،
پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کے خلاف اقدامات اور کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ بلوچستان میں ایک ایک کرکے تمام ٹی وی چینلز اپنے بیورو دفاتر بند کر رہےہیں ، جبری برطرفیوں کے ذریعے مختلف ٹوی وی چینلز اور اخبارات سے 122 صحافی اور میڈیا ورکرز اب تک بے روز گار کئےجاچکے ہیں
گزشتہ چند سال کے دوران کوئٹہ میں 11 ٹی وی چینلز نے اپنے بیورو دفاتر بند کر دیے ، پاکستان بھر میں میڈیا ہاؤسز سے صٖحافیوں کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے کئی کئی مہینوں تک صحافیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کے خلاف مقدمات قائم کئے جارہے ہیں
اس صورتحال کےپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کردی گئی ہےجس کے تسلسل میں مورخہ 23 اور 24 نومبر کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ قائم کرکے دھرنا دیا جائےگا –