کوئٹہ (نمائندہ خصوصی): بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی قرارداد منظور کر لی گئی،
جبکہ سرداری اور نوابی نظام کے خاتمے سے متعلق پیش کی جانے والی قرارداد اکثریتی رائے سے مسترد کر دی گئی۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ایوان کے مختلف امور پر غور کے علاوہ تین اہم قراردادیں پیش کی گئیں۔
اجلاس کے دوران رکنِ اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے صوبے میں سرداری و نوابی نظام کے خاتمے اور اس حوالے سے 1976ء کے متعلقہ قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔
قرارداد پر بحث مکمل ہونے کے بعد رائے شماری کرائی گئی، جس میں 5 ارکان نے قرارداد کی حمایت جبکہ 6 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا، یوں اکثریتی مخالفت کے باعث یہ قرارداد مسترد کر دی گئی۔
دوسری جانب رکنِ اسمبلی شاہدہ رؤف کی جانب سے صوبے کے تمام سرکاری پرائمری اسکولوں میں بنیادی عربی زبان کو بطور لازمی مضمون شامل کرنے کی قرارداد پیش کی گئی، جسے ایوان نے اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا۔
منظور کی گئی قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ پرائمری سطح کے نصاب میں عربی کے بنیادی الفاظ، قواعد (گرامر) اور قرآنِ مجید میں استعمال ہونے والے عام الفاظ کے معانی شامل کیے جائیں،
جبکہ اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ کی تعیناتی اور معیاری درسی کتب کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
علاوہ ازیں، اجلاس میں خواتین ارکان کی جانب سے بلوچستان کے لیے فضائی کرایوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف بھی ایک قرارداد پیش کی گئی۔
تاہم، کارروائی کے دوران رکنِ اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن کی جانب سے ایوان میں کورم کی نشاندہی کی گئی، جس پر ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے اجلاس کی کارروائی پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دی۔