کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں: دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ، اسلحہ برآمد؛

کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام نے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے جاری آپریشنز سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا روشن مظہر ہیں۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنانا اور وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمارے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
معاون اطلاعات شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ کرم میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں بدامنی پھیلانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ایکشن پلان اور ویژن “عزمِ استحکام” دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مؤثر اور جامع حکمت عملی ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
قیادت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔
پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر کامیابی سے جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں