مستونگ (نامی نگار)مستونگ میں ایف سی چوکی پر مبینہ خودکش حملہ، خاتون سمیت 2 شہری جاں بحق، اہلکاروں اور بچوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر مبینہ خودکش حملے اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو شہری جاں بحق جبکہ خواتین، بچوں اور متعدد سکیورٹی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی چوکی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے فوری بعد نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے چوکی پر مختلف اطراف سے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریبی واقع ایک مسجد سمیت متعدد رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے کی شدت سے کئی گھروں کی دیواریں اور چھتیں منہدم ہو گئیں، جس کے باعث مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں اور مقامی شہریوں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 13 عام شہری (جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں) اور متعدد ایف سی اہلکار شامل ہیں، جنہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔