کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایک رکن اسمبلی کے حالیہ انٹرویو اور خاتون رکن اسمبلی کے حوالے سے دیے گئے بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حال ہی میں ایک رکن اسمبلی کا انٹرویو سامنے آیا ہے جس کا وہ براہِ راست جواب نہیں دینا چاہتے،
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “وہ اتنا بڑا سردار نہیں کہ میں اس سے خوفزدہ ہو جاؤں، ہم نے تو دہشت گرد تنظیموں کی بھی پرواہ نہیں کی۔”
خاتون رکن اسمبلی کے خلاف دیے گئے ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میری بہن اور خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں جو کچھ کہا گیا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تربیت ایسی نہیں ہے کہ ہم خواتین کے بارے میں اس قسم کے غیر مناسب ریمارکس دیں، اور اس طرزِ عمل سے بلوچستان اسمبلی کی دیرینہ روایات کو بلڈوز کیا گیا ہے۔
اپنی تقریر کے دوران جذباتی انداز اپناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بطور قائدِ ایوان وہ اسمبلی سے واک آؤٹ نہیں کر سکتے، لیکن ان کا دل چاہتا ہے کہ انہیں اس ایوان سے واک آؤٹ کرا دیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہ ایک ایسی اسمبلی میں بیٹھے ہیں جس میں مذکورہ رکن اسمبلی بھی موجود ہیں۔